واقعہ کربلا ہر دور کے باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف، حج اور مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری* خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اوقاف، حج اور مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے کہا ہے کہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس دن کربلا کے میدان میں حق و باطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسۂ رسول سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے عظیم قربانی پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم الحرام ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے اور اسی عظمت والے مہینے میں نواسۂ رسول و اہل بیت کی شہادت ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے کا سبق سکھاتی ہے۔صوبائی وزیر نے یوم عاشورہ کی عظمت و تکریم کے حوالے سے جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اس مقدس مہینے کے احترام کو سمجھ کر اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بطور مسلمان آپس میں باہمی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ کیونکہ یہ مقدس مہینہ ہمیں وحدت، یگانگت اور حق کے لیے قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کی بدولت ہی اسلام آج زندہ ہے۔ ہمیں حق پر چلنے کے لیے ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کربلا کے شہدا اور حضرت امام حسین کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے کیونکہ مذہب اسلام کو سمجھنے کے لیے نواسۂ رسول کی عظیم قربانی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں اس ماہ کی عظمت اور اہل بیت و نواسۂ رسول کی عظیم قربانی سے سبق حاصل کرکے باہمی اختلافات کو بھلا کر آپس میں یکجہتی، اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کیونکہ آج کے حالات میں پوری دنیا میں بکھری ہوئی امت کی آپس میں وحدت کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر صاحبزادہ عدنان قادری نے یوم عاشورہ اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے پر صوبائی حکومت، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے داد کے مستحق ہیں۔